تفصیلات کے مطابق کراچی جیسے بڑے شہر میں واٹر کارپوریشن اور پولیس کی عدم توجہی کے باعث پانی چوری کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ بلدیہ ٹاؤن میں ایک بار پھر پانی کی فراہمی کے مقررہ دن پانی چور مافیا نے پانی فروخت کرنے کے لیے سپلائی لائن کو نقصان پہنچا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لائن توڑ کر عارضی ڈیم بنایا جاتا ہے، جہاں پانی جمع کر کے شہریوں کو مہنگے داموں فروخت کیا جاتا ہے۔ اس کارروائی کے باعث ڈسٹرکٹ کیماڑی اور ویسٹ کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی مکمل طور پر بند ہو گئی۔
حب ڈیم سے آنے والی 33 انچ قطر کی مرکزی پانی لائن کو کٹو گوٹھ کے علاقے میں نقصان پہنچایا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی صدر پی ایس 111 اور بلدیہ ٹاؤن کے چیئرمین عبدالکریم آسکانی موقع پر پہنچ گئے۔
بعد ازاں واٹر بورڈ کے حکام کو فوری طور پر طلب کیا گیا، جنہوں نے مشینری پہنچا کر مرمت کا کام شروع کر دیا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ بلدیہ ٹاؤن کے کٹو گوٹھ میں گزشتہ ماہ بھی پانی کی فراہمی کرنے والی اسی لائن کو توڑا گیا تھا۔