بابر اعظم نے کوہلی کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑ دیا

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نمایاں بلے باز بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔ اس اننگز کے ساتھ ہی وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر اعظم نے یہ اعزاز حاصل کر کے بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کا طویل عرصے سے قائم ریکارڈ توڑ دیا ہے، جو اس فہرست میں سرفہرست تھے۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ کے دوران بابر اعظم نے کینگروز کے خلاف 36 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز اسکور کیے۔ ان کی اس اننگز میں چار دلکش چوکے اور ایک شاندار چھکا شامل تھا۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 39ویں نصف سنچری ثابت ہوئی۔

اس سے قبل سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی نصف سنچریوں کا ریکارڈ ویرات کوہلی کے پاس تھا، جنہوں نے اپنے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں 38 ففٹیاں اسکور کی تھیں۔

نصف سنچریوں کی فہرست میں تیسری پوزیشن بھارت کے روہت شرما کے پاس ہے جنہوں نے 37 بار پچاس رنز کا ہندسہ عبور کیا، جبکہ چوتھے نمبر پر پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان موجود ہیں، جن کے نام 31 نصف سنچریاں درج ہیں۔

Leave a Comment