پاکستان ٹیم ورلڈ کپ کھیلے گی یا نہیں؟ پی سی بی کا بڑا فیصلہ۔

لاہور (یکم فروری 2026): آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شرکت کے حوالے سے آج اہم پیش رفت متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہر ممکن صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے متبادل منصوبہ بھی تیار کر لیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش کو متنازع فیصلے کے تحت ورلڈ کپ سے باہر کیے جانے کے بعد یہ سوال شدت اختیار کر گیا ہے کہ آیا پاکستان ٹیم اس میگا ایونٹ کا حصہ بنے گی یا نہیں۔ اس معاملے پر حتمی فیصلہ آج سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی آج شام وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس میں ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق مشاورت کے بعد فیصلہ متوقع ہے۔

اسی غیر یقینی صورتحال کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی ورلڈ کپ آفیشل کٹ کی رونمائی بھی فی الحال مؤخر کر دی ہے۔ اب یہ تقریب ٹیم کی شرکت کے حتمی اعلان کے بعد ہی منعقد کی جائے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اگر پاکستان ٹیم ورلڈ کپ نہ کھیلنے کا فیصلہ کرتی ہے تو پی سی بی نے اس کے لیے پلان بی مکمل طور پر تیار کر رکھا ہے۔ اس منصوبے کے تحت شاہینز اور انڈر 19 کھلاڑیوں کو چار ٹیموں میں تقسیم کر کے لاہور میں ایک خصوصی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر منعقد ہو رہا ہے، جبکہ پاکستان کو اپنے تمام میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت سری لنکا میں کھیلنا ہیں۔

دوسری جانب بنگلہ دیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے مقابلے سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست دی تھی، جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا۔ بعد ازاں بنگلہ دیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کر کے اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا گیا۔

اس فیصلے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت ردِعمل دیتے ہوئے اسے غیر منصفانہ قرار دیا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

Leave a Comment